11 اپریل ، 2013
اسلام آباد … ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ یورپی یونین کے علاوہ امریکا، برطانیہ، دولت مشترکا، ترکی، جاپان، ملائیشیا، آسٹریلیا اور مالدیپ سے بھی غیر ملکی مبصرین نے پاکستان آکر عام انتخابات کا جائزہ لینے کی درخواست کی ہے۔ دفتر خارجہ اسلام آباد میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں اعزاز احمد چوہدری کا کہنا تھا کہ پاکستان آنے کے خواہشمند تما م مبصرین کی درخواستوں پر کارروائی جاری ہے، مبصرین کو وزارت داخلہ اور الیکشن کمیشن سے ایڈوائزری لینا ہوگی۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایٹمی طاقت ایک خطرے کے پیش نظر حاصل کی ہے، ایٹمی طاقت کی حیثیت سے دنیا میں پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے، شمالی کوریا کے حوالے سے پاکستان بین الاقوامی برادری کے ساتھ اپنے تحفظات شیئر کرتا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی صورتحال بہترہوئی ہے ، غیر ملکی تاجر اور سیاح آنا شروع ہو گئے ہیں، گوادر پورٹ پاک چائنا باہمی معاملہ ہے، کسی اور کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ سول نیو کلیئر ٹیکنالوجی کا حصول ایران کا حق ہے، تاہم ایران کو اپنی بین الاقوامی ذمہ داریاں بھی پوری کرنی چاہئیں، افغانستان کے ساتھ تعلقات میں چیلنجز درپیش ہیں، تاہم افغان حکومت کے ساتھ ہر سطح پر رابطے جاری ہیں۔