11 اپریل ، 2013
راولپنڈی … ن لیگ کے چوہدری نثار علی خان کے کاغذات نامزدگی حلقہ این اے 53 سے منظور اور این اے 52سے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے خلاف اپیل خارج کردی گئی، فیصلوں کے بعد چوہدری نثار کے حامی اور مخالف گروپ نے نعرے بازی کی اور ایک موقع ایسا بھی آیا کہ دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے۔ راول پنڈی کے حلقہ این اے 53 سے چوہدری نثار علی خان کے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل دائر کی گئی تھی، عدالت نے سماعت کے بعد فیصلہ چوہدری نثار کے حق میں دے دیا اور ان کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے گئے، فیصلہ سامنے آنے پر ن لیگی کارکنوں نے چوہدری نثار کے حق میں نعرے بازی کی۔ دوسری طرف حلقہ این اے 52 میں چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے خلاف ان کے مخالف، تحریک انصاف کے امیدوار غلام سرور کی اپیل رد کردی گئی، اس پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے چوہدری نثار کے خلاف نعرے بازی کی اور دوران ایک لمحہ ایسا آیا جب دونوں گروپ آمنے سامنے آگئے اور عین ممکن تھا کہ یہ نعرے بازی ہاتھا پائی میں تبدیل ہوجاتی، کچھ افراد نے بیچ میں پڑکر معاملہ رفع دفع کرادیا۔ اس سے پہلے چوہدری نثار کے کاغذات نامزدگی مسترد کئے جانے کے خلاف اپیل کی سماعت کے دوران 2 افراد چوہدری نثار کے وکیل کے دلائل کی موبائل ویڈیو بناتے پائے گئے اور عدالتی حکم پر ان کے موبائل فون قبضے میں لے لئے گئے ۔