07 مارچ ، 2012
پشاور… شمالی وزیرستان میں سات ماہ کے ایک بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔ رواں سال فاٹا میں پولیو کے تین نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ای پی آئی فاٹا کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا کہ شمالی وزیرستان کے علاقے ماہی اخو میں سات ماہ کے بچے بخت اللہ میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ شمالی وزیرستان میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث ایک سال سے انسداد پولیو مہم نہیں چلائی جاسکی۔ رواں سال اب تک خیبر ایجنسی میں پولیو کے دو جبکہ شمالی وزیرستان میں ایک کیس سامنے آیا ہے۔ ای پی آئی فاٹا کے مطابق قبائلی علاقوں میں 12 مارچ سے انسداد پولیو مہم شروع کی جارہی ہے۔ مہم کے دوران دس لاکھ پچاس ہزار بچوں کو پولیو سے بچاوٴ کی خوراک دی جائے گی۔ مہم کے لئے تین ہزار 275 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔