10 مئی ، 2013
اسلام آباد … خدشات، وسوسے، واہمے، غیریقینی صورتحال سب ختم، 2013 ء کے عام انتخابات کل ہورہے ہیں، قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 842 نشستوں پر ساڑھے 15 ہزار سے زائد امیدوار میدان میں ہیں، ساڑھے 8 کروڑ سے زیادہ ووٹرز اپنے پسندیدہ نمائندوں کا انتخاب کریں گے۔ فیصلے کی گھڑی آن پہنچی، کل صبح 8 سے شام 5 بجے تک پولنگ اسٹیشن پر جائیں اور اپنے پسندیدہ امیدوار کو ووٹ دیں، آپ جہاں کہیں بھی ہیں، پولنگ اسٹیشن کے بارے میں معلومات حاصل کرکیلئے بس موبائل فون سے شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیجیں، تمام معلومات مل جائیں گی۔ پولنگ اسٹیشن جاتے ہوئے کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ ساتھ لیکر جاناہے، یہ یاد رہے اور یہ بھی کہ موبائل ساتھ رکھنے پرپابندی ہے۔ انتخابات کیلئے ملک بھر میں ساڑھے 69 ہزار سے زائد پریزائیڈنگ آفیسرز کو 10، 11 اور 12 مئی کیلئے مجسٹریٹ درجہ اول کے اختیارات مل گئے ہیں اوروہ انتخابی عمل میں رکاوٹ ڈالنے یا دھاندلی کرنے والے کو موقع پر ہی سزا سنا سکیں گے۔ ملک بھر کے 69 ہزار 729 پولنگ اسٹیشنز میں سے 15 ہزار 681 کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے اور 15 ہزار 214 ہیں حساس ہیں۔ 8 کروڑ 61 لاکھ سے زائد ووٹرز، 7 لاکھ 20 ہزار سے زائد انتخابی عملہ، 6 ارب روپے کے اخراجات سے ہونے والے یہ ملکی تاریخ کے مہنگے ترین انتخابات ہیں ، ایک ووٹر پر آنے والا خرچ تو ہے 65 روپے لیکن ووٹ کی کوئی قیمت نہیں اس لئے اپنا ووٹ ضرور کاسٹ کریں۔