10 مئی ، 2013
راولپنڈی … انتخابات کے موقع پر ملک بھر میں سیکیورٹی کیلئے 75 ہزار سے زائد فوجی جوان تعینات کردئیے گئے ، سیکیورٹی ڈیوٹیوں کیلئے آرمی کے فوجی کتے بھی فراہم کردئیے گئے۔ ترجمان پاک فوج کی طرف سے جاری بیان کے مطابق 19 اپریل سے فوجی جوان ملک کے 5 مختلف پرنٹنگ پریسز پر سیکیورٹی ڈیوٹیاں سر انجام دیتے رہے۔ ترجمان کے مطابق فوج کے جوانوں نے 650 ٹن سے زائد بیلٹ پیپرز اضلاع اور پولنگ اسٹیشنز تک پہنچائے، اسی طرح بیلٹ پیپرز کی ترسیل کیلئے فوج کے 50 ہیلی کاپٹرز نے 347 گھنٹے کی پروازیں کیں، سیکیورٹی کے پیش نظر اہم مقامات پر کیمرے بھی نصب کردئیے گئے۔ ترجمان کے مطابق عام انتخابا ت کے موقع پر سیکیورٹی کیلئے فوجی ہیلی کاپٹر بھی فضائی نگرانی کریں گے جبکہ انتہائی حساس مقامات پر اے پی سیز بھی استعمال کی جائیں گی۔