10 مئی ، 2013
کراچی …عام انتخابات میں پاکستان کی چار سیاسی جماعتوں کے قائد ناگزیر وجوہات کی بنا پر ووٹ نہیں ڈال سکیں گے، ان میں کون کون شامل ہے اور باقی قومی رہنما کہاں ووٹ کاسٹ کریں گے ، بتا رہی ہیں آمنہ عامر کی رپورٹ کے مطابق عوام کو ووٹ ڈالنے کی خوب ترغیب دی گئی اور امید کی جا رہی کہ وہ اپنے ووٹ کا حق ضرور استعمال کریں گے۔ مگر بدقسمتی سے پاکستان کی چار سیاسی جماعتوں کے قائد ناگزیر وجوہات کی بنا پر ووٹ نہیں ڈال سکیں گے۔ ان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر بیرون ملک ہیں اور اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کریں گے۔ بلاول نے الیکشن کمیشن سے پوسٹل بیلٹ کی درخواست بھی کی تھی تاہم قانون کے مطابق یہ سہولت صرف سرکاری ملازمین تک محدود ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا پولنگ اسٹیشن تو ماڈل کالج فار گرلز ،نیشنل ہیلتھ کالونی نمبر 12 سینئر سیکشن پارٹ ٹو ہے مگر وہ زخمی ہیں اور ڈاکٹرز نے انہیں سختی سے منع کیا ہے کہ اسپتال کے بستر سے نہیں اٹھنا ، اس لیے عمران خان ووٹ نہیں ڈال پائیں گے۔ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین بیرون ملک مقیم ہیں اور وہ بھی عام انتخابات 2013 میں ووٹ کاسٹ نہیں کر سکیں گے۔آل پاکستان مسلم لیگ کے قائد پرویز مشرف ججز نظربندی کیس میں سب جیل میں نظر بند ہیں اور انہوں نے قوانین کے مطابق ایک قیدی کی حیثیت سے پوسٹل بیلٹ کے ذریعے حق رائے دہی استعمال کرنے کا اختیار ہی نہیں مانگا۔اب ذکر ان چند اہم سیاسی قائدین کا جو اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے ، مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف گورنمنٹ کالج آف ٹیکنالوجی ریلولے روڈ لاہور کے پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔جمعیت علماء اسلام کے قائد مولانا فضل الرحمنٰ گورنمنٹ ہائیر اسیکنڈری ا سکول عبدالخیل ،ڈیرہ اسماعیل خان،اے ین پی کے قائد اسفند یار وولی گورنمنٹ ہائی اسکول پڑانگ پولنگ اسٹیشن نمبر دو ضلع چار سدہ میں ووٹ کاسٹ کریں گے۔عوامی مسلم لیگ کے قائد شیخ رشید احمد گورنمنٹ ضیاء العلوم بوائز ہائی ا سکول راجہ بازار راولپنڈی، مسلم لیگ پنجاب کے صدر چوہدری پرویز الہیٰ بوائز پرائمری اسکول ڈھارووال ضلع گجرات کے پولنگ اسٹیشن پر اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔