10 مئی ، 2013
لاہور…پنجاب اور بلوچستان میں انتخابات سے ایک روز پہلے ہی سیاسی تشدد کا سلسلہ جاری رہا، فائرنگ اور دھماکے سے 2 افراد ہلاک اور 16 زخمی ہوگئے۔ تحریک انصاف کی رہنما عائلہ ملک کا کہنا ہے کہ میانوالی کے علاقے ڈھوک میانی میں ان کے قافلے پر فائرنگ کی گئی۔ فائرنگ سے ان کے 3 محافظ زخمی ہوگئے۔ عائلہ ملک نے اعلیٰ حکام سے واقعے کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔گجرانوالہ کے علاقے کامونکی میں نواز لیگ کے امیدوار رانا نذیر اور آزاد امید وار عاصم عبداللہ کے حامیوں کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ جھگڑے کے دوران فائرنگ سے دو افراد ہلاک ہوگئے۔جعفرآبا د کے علاقے ڈیرہ الہ یار میں پی بی 26 سے آزاد امیدوار محمد نعیم کھوسہ کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکا ہوا۔ دھماکے سے چار افراد زخمی ہوئے اور تین گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا گیا تھا۔فیصل آباد کے علاقے گٹ والا میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے تحریک انصاف کے چار حامیوں کو زخمی کردیا۔بلوچستان کے علاقے قلعہ عبداللہ میں دوسیاسی جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان فائرنگ سے پانچ افراد زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد مشتعل افراد نے دو گاڑیوں کو بھی آگ لگادی۔