10 مئی ، 2013
کوئٹہ … کوئٹہ ، بولان اور ہرنائی میں 14 راکٹ فائر کئے گئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس کے مطابق شالکوٹ کے پہاڑی علاقے سے 5 راکٹ فائر کئے گئے، جن میں 2 اختر آباد کے کھلے میدان، 2 کلی قمبرانی میں پولنگ اسٹیشن کے قریب گرے جبکہ ایک راکٹ سریاب مل کے پیڑول پمپ کے قریب گرا تاہم راکٹ گرنے کے ان واقعات میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پولیس ترجمان نے صرف 2 راکٹ فائر کئے جانے کی تصدیق کی ہے۔ ضلع بولان کے علاقے مچھ میں بھی قریبی پہاڑوں سے فائر کئے گئے 4 راکٹ سمالانی کالونی کے قریب کھلے میدان میں گرے یہاں بھی کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ ہرنائی میں بھی جنوبی پہاڑوں سے شہر پر 5 راکٹ فائر کئے گئے جس کے بعد شہر کی بجلی منقطع ہوگئی، تاہم جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ایف سی کی جوابی کاروائی کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔