13 مئی ، 2013
کراچی…پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز نے عام انتخابات کے نتائج کو تسلیم کر لیا ہے۔پارٹی صدر مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ انتخابات کی شفافیت پر اگرچہ سخت تحفظات ہیں لیکن سیاسی استحکام،جمہوریت اور عوام کے وسیع تر مفاد میں نتائج کوتسلیم کرتے ہیں پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز کی طرف سے جاری بیان میں مخدوم امین فہیم نے کہا ہے کہ ایک طرف انتہا پسندوں کی وجہ سے جمہوری قوتوں کو یکساں مواقع فراہم کرنے کا موقع نہیں ملا جبکہ دوسری طرف متعدد انتخابی حلقوں کی حد بندیوں کی وجہ سے آزاد اور شفاف الیکشن کی ساکھ متاثر ہوئی۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن اور نگران حکومت نے پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز کے احتجاج پر کوئی کاروائی نہ کی،مخدوم امین فہیم نے مطالبہ کیا کہ الیکشن کمیشن پارٹی کی تمام درج کردہ شکایات پر قانون کے مطابق جائزہ لے، انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرنز جمہوریت اور جہوری اداروں کی مضبوطی کے لئے پارلیمنٹ کے اندر اور باہر اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔