13 مئی ، 2013
اسلام آباد…ایشین نیٹ ورک برائے فری الیکشن کے بین الاقوامی مبصرین نے کہا ہے کہ 16 ہزار سے زائد انتخابی امیدواروں میں خواتین صرف 456 تھیں اور یہ شرح تشویش ناک حد تک کم ہے، بعض علاقوں میں خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکا گیا ،الیکشن کمیشن کو اس کا نوٹس لینا چاہیے۔ اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کے دوران مبصر مشن کے سربراہ کیجل مینجن نے کہا کہ انتخابی امیدواروں میں خواتین صر ف 2.9 فی صد تھیں ، سیاسی جماعتوں کو خواتین امیدواروں کو بھی موقع دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھاکہ حالیہ انتخابات میں بعض پارٹیاں دھاندلی کے الزامات تو لگا رہی ہیں لیکن مبصرین کو اس کے ثبوت نہیں ملے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں نے ووٹنگ کے خلاف دھمکیاں دی تاہم ووٹرز نے ہمت کا مظاہرہ کیا اور 60 فی صد ٹرن آوٴٹہ ظاہر کرتا ہے پاکستانی عوام جمہوریت پسند ہیں، دہشت گردوں نے ایم کیو ایم، اے این پی اور پیپلز پارٹی کو نشانہ بنایا اور یہ تینوں وفاق میں حکومت کا حصہ تھیں۔