16 جون ، 2013
کارڈف … چیمپئنز ٹرافی کے میچ میں انگلینڈ نے نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے 170 رنز کا ہدف دیا ہے، کائل ملز نے 4 اور میک کلینگن نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، ایلسٹر کک نے 64 رنز کی اننگز کھیلی۔ صوفیہ گارڈنز کارڈف میں کھیلے جارہے میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو بیٹنگ کی دعوت دی تاہم بارش کے باعث تقریباً 5 گھنٹے میچ نہ ہوسکا ، بارش رکنے کے بعد میچ 24، 24 اوورز تک محدود کردیا گیا۔ انگلش ٹیم 23.3 اوورز میں 169 رنز بنا کر آوٴ ٹ ہوگئی، انگلینڈ نے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو اس کی پہلی وکٹ 16 اور دوسری 25 پر گرگئی جس کے بعد ایلسٹر کک اور جو روٹ نے ٹیم کیلئے 75 رنز کی شراکت قائم کی ، جو روٹ 38 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئے ، کپتان ایلسٹر کک بھی 141 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے، انہوں نے 64 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جس میں 4 چوکے اور 2 چھکے شامل ہیں۔ ان کے آوٴٹ ہونے کے بعد کوئی بھی انگلش بیٹسمین وکٹ پر نہ ٹک سکا اور آخری 33 گیندوں پر 36 رنز کے اضافے سے 7 کھلاڑی اپنی وکٹیں گنواگئے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل ملز نے 4 اور میک کلینگن نے 3 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا۔