19 جون ، 2013
لندن … انگلینڈ جنوبی افریقا کو شکست دے کر چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا، 176 رنز کا مطلوبہ ہدف صرف 3 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ اوول لندن میں کھیلے جانے والے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے پہلے سیمی فائنل میں انگلینڈ نے جنوبی افریقا کو با آسانی 7 وکٹ سے شکست دے دی، 176 رنز کا ہدف 37.3 اوورز میں 3 وکٹ پر حاصل کرلیا۔ ہدف کے تعاقب میں انگلش ٹیم کو پہلا نقصان کپتان ایلسٹر کک کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ صرف 6 رنز بنا کر مورس کی گیند پر ڈی ویلیئرز کو کیچ تھما گئے، 41 کے مجموعی اسکور پر میزبان ٹیم کی دوسری وکٹ گری ، ای ین بیل 20 رنز بنا کر کلین ویلٹ اور ڈی ویلیئرز کے گٹھ جوڑ کا شکار ہوگئے۔ اس کے بعد جوناتھن ٹروٹ اور جو روٹ نے 105 رنز کی شراکت قائم کی ، روٹ 48 رنز بنا کر ڈومنی کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ جوناتھن ٹروٹ نے 82 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی ، انہوں نے 11 چوکے لگائے۔ اوئن مورگن 15 رنز بنا کر ناٹ آوٴٹ رہے۔اس سے قبل جنوبی افریقی ٹیم 38.4 اوورز میں 175 رنز بنا کر آوٴٹ ہوگئی تھی۔ ٹورنامنٹ کا دوسرا سیمی فائنل کل بھارت اور سری لنکا کے درمیان کھیلا جائے گا۔انگلش اسپنر جیمز ٹریڈ ویل کو 19 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ ایوارڈ دیا گیا۔