دنیا
14 مارچ ، 2012

افغانستان سے فوجی بلانے کے شیڈول میں تبدیلی نہیں کی جارہی، اوباما

افغانستان سے فوجی بلانے کے شیڈول میں تبدیلی نہیں کی جارہی، اوباما

واشنگٹن … امریکا کے صدر بارک اوباما نے کہا ہے کہ افغانستان سے فوجی انخلا کے طے شدہ نظام الاوقات میں کوئی اچانک تبدیلی نہیں کی جارہی، اس سال موسم گرما تک 23 ہزار اضافی فوجی واپس بلائے جائیں گے۔ برطانوی وزیراعظم ڈیوڈکیمرون کا کہناہے کہ وہ افغان جنگ سے منہ نہیں موڑیں گے اور برطانیہ اپنی ذمہ داریاں پوری کرے گا۔ امریکی صدر اور برطانوی وزیراعظم کے درمیان وائٹ ہاوٴس میں مذاکرات ہوئے جس کے بعد دونوں رہنماوٴں نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ صدر اوباما نے ان افواہوں کی تردید کی کہ افغانستان میں حالیہ پرتشدد واقعات کے بعد اتحادی فوجیوں کو انخلا کے طے شدہ نظام الاوقات سے پہلے واپس بلایا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس مرحلے پر ایسی کوئی پیش بینی نہیں کرسکتے کہ فوجی انخلاء کے طے شدہ نظام الاوقات میں کوئی اچانک تبدیلی کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلے ہی 10 ہزار فوجی واپس بلائے جاچکے ہیں اور اس سال موسم گرما تک 23 ہزار اضافی فوجی واپس بلائے جائیں گے۔ صدر اوباما نے تصدیق کی کہ نیٹو فورسز آئندہ سال سے افغانستان میں معاون کا کردار ادا کریں گی اور 2014ء میں سیکیورٹی کی مکمل ذمہ داریاں افغان فوج سنبھال لے گی۔ برطانوی وزیر اعظم ڈیوڈ کیمرون نے اس موقع پر کہا کہ برطانیہ افغانستان میں اپنا مشن پورا کرے گا، افغانستان میں اب بھی ساڑھے 9 ہزار برطانوی فوجی ہیں جو ذمہ داری کے ساتھ مشن مکمل کریں گے۔ ڈیوڈ کیمرون نے کہا کہ نیٹو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ افغانستان سے امریکا اور برطانیہ پر دوبارہ حملے نہ ہوں۔

مزید خبریں :