25 مارچ ، 2012
راولپنڈی…قومی سوپر 8 ٹی ٹوئینٹی کرکٹ چیمپئن شپ آج سے راولپنڈی میں شروع ہورہی ہے ، افتتاحی میچ فیصل آباد وولوز اور پشاور پینتھرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔ جیو سوپر تمام میچز براہ راست نشر کرے گا۔پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونے والے ایونٹ میں شریک آٹھ ٹیموں کو دو پولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں فیصل آباد وولوز، پشاور پینتھرز، کراچی زیبراز اور لاہور لائنز شامل ہیں۔ گروپ بی سیالکوٹ اسٹالینز، لاہور ایگلز ، کراچی ڈولفنز اور دفاعی چیمپئن راولپنڈی ریمزپر مشتمل ہے۔افتتاحی میچ شام چار بجے مصباح الحق کی فیصل آباد وولوزکا مقابلہ عمر گل کی پشاور پینتھرز سے ہوگا۔جبکہ دانش کنیریا کی کراچی زیبراز رات آٹھ بجے عمر اکمل کی لاہور لائنز کا سامنا کرے گی۔ دونوں میچز پاکستان کا پہلا اسپورٹس چینل جیو سوپر براہ راست نشر کرے گا۔