29 نومبر ، 2013
اسلام آباد…حکومت نے مہنگائی سے پریشان عوام کے درد کی دوا کردی، وزیر اعظم نواز شریف کی ہدایت پر دواوٴں کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹی فی کیشن واپس لے کر پرانی قیمتیں بحال کردی گئیں ہیں۔گزشتہ روز ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی نے 11 ہزار مختلف دواوٴں کی قیمتوں میں 15 فیصد تک اضافے کا نوٹی فی کیشن جاری کیا تھا۔ وزیر اعظم نواز شریف نے اضافے کا نوٹس لیتے ہوئے اسے منسوخ کرنے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ادویات کی قیمتوں میں اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ادویات کی قیمتیں نہ بڑھنے دی جائیں، وزیراعظم کی ہدایت کے بعد ادویات کی پرانی قیمتیں بحال رکھنے کا نوٹی فی کیشن جاری کر دیا گیا ہے۔گزشتہ روز جان بچانے والی ادویات، کینسر، دل گردے، ہیپاٹائی ٹس اور بلڈ پریشر کی دواوٴں کی قیمتوں میں اضافہ نہیں کیا تھا۔