26 دسمبر ، 2013
اسلام آباد…سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے 4ارب 74کروڑ روپے کے 8ترقیاتی منصوبوں کی منظوری دے دی جبکہ 32ارب 90کروڑ روپے کے 4منصوبے حتمی منظوری کے لیے قومی اقتصادی کونسل کی ایگزیکٹو کمیٹی کو بھجوا دیے گئے ہیں ۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی وترقی احسن اقبال کی زیر صدارت سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی کا ا جلاس ہو ا، اجلاس میں گلگت بلتستان کے غریب عوام کے لیے 17کرو ڑ48لاکھ روپے کی ہیلتھ انشورنس ، خیبر پختونخوا کے لیے 23ارب روپے کی منظوری دی گئی۔ آزاد کشمیر میں 96کروڑ روپے کی لاگت سے نسیری بائی پاس ، 84کروڑ روپے کے کرن بائی پاس اور ڈیڑھ ارب روپے لاگت کے کوئلہ پھاٹک فلائی اوور منصوبوں کی منظوری بھی دی گئی، ، سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے بلوچستان میں 2ارب 20کروڑ روپے کی لاگت سے چھوٹے آبپاشی منصوبوں کی منظوری بھی دی ، بلوچستان کے لیے 6ارب روپے کی لاگت سے غیر رسمی بنیادی تعلیم کے اسکولز کے قیام کی منظوری بھی دی گئی ، اجلاس میں 5ارب روپے کی لاگت سے ٹیکنالوجی پارک کے قیام کی بھی منظوری دے دی گئی ہے۔