پاکستان
02 جنوری ، 2014

غداری کیس: مشرف کوکچھ بھی ہو آج پیش کرنا ہی پڑے گا، عدالت کا حکم

غداری کیس: مشرف کوکچھ بھی ہو آج پیش کرنا ہی پڑے گا، عدالت کا حکم

اسلام آباد…غداری مقدمے میں وکلا نے آج بھی پرویز مشرف کو حاضری سے استثنا دلانے اور سماعت ملتوی کرانے کی بھرپور کوشش کی، عدالت میں گرما گرمی اور تلخ کلامی ہوئی تاہم عدالت نے واضح کردیا کہ کچھ بھی ہو آج پیش کرنا ہی پڑے گا۔ خصوصی عدالت نے سماعت شروع کی تو مشرف کے وکلا نے شکایتوں کے انبار لگادیے، حکومت اور سرکاری وکلا پر دھمکیوں کے الزامات لگائے، انور منصور نے کہا کہ انہیں مشرف کو مقدمہ لڑنے کی وجہ سے تنگ کیا جارہاہے، رات بھر ان کے گھر کے دروازے اور گھنٹیاں بجائی گئیں وہ سو نہیں سکے۔انور منصور نے کہا کہ حکومت انہیں ستارہی ہے، وہ قتل ہوجائیں گے مگر ان سے سیکیورٹی نہیں لیں گے۔ مشرف کی وکلا ٹیم کے سربراہ شریف الدین پیرزادہ نے پراسیکیوٹر اکرم شیخ پر دھمکیاں دینے کے الزامات لگائے، اکرم شیخ نے جواب دیا شریف الدین پیرزادہ 18 وکلاء کی قیادت کر رہے ہیں ان کے اشارے پر مجھ پر ذاتی حملے کیے جا رہے ہیں۔ مشرف کے ایک وکیل رانا اعجاز نے کہا کہ اکرم شیخ نے پرویز مشرف کو جوتا مارنے کی دھمکی دی ہے، انہیں کمزور نہ سمجھا جائے، عدالت کے اندر اور باہر نمٹنا جانتے ہیں، عدالت نے انہیں تنبیہ کی اور ماحول میں گرما گرمی ہونے پر سماعت میں وقفہ کرنا پڑا۔عدالتی کارروائی سے واک آوٴٹ کرنے والے مشرف کے وکیل انور منصور وقفے کے بعد واپس آئے اور سماعت میں حصہ لینے سے معذرت کی۔ شریف الدین پیرزادہ نے کہا مشرف کو پیر تک حاضری سے استثنا دے کر سماعت ملتوی کردی جائے، جسٹس فیصل عرب نے کہا کہ آج مشرف کو یہاں ہونا چاہیے ورنہ عدالت کو حکم جاری کرنا پڑے گا۔

مزید خبریں :