07 جنوری ، 2014
کراچی…پی آئی اے کا پائلٹ دلہن کو ایئرپورٹ پر روتا چھوڑکر طیارہ لے گیا۔ دلہن پی آئی اے کی اےئرہوسٹس تھی اور اپنی شادی کیلئے امریکا جارہی تھی۔پی آئی اے کی پرواز پی کے 721 کو کراچی سے نیویارک جانا تھا۔ پرواز کا وقت صبح تین بجے تھا لیکن پائلٹ اور ایرہوسٹس تنازع کے سبب یہ دو گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئی۔ ائیرلائن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی دلہن ایرہوسٹس کو مسافر کی حیثیت سے سفر کرنا تھا۔ اس نے کیپٹن سے جمپ سیٹ کیلئے درخواست کی تھی جس پر کپتان نے کہا کہ وہ دو جمپ سیٹس میں سے ایک اپنی بھتیجی کو دے گااور دوسری اسے۔ متعلقہ ائیرہوسٹس کے پاس ٹیلی فون پر ہونے والی اس گفتگو کا ریکارڈ بھی موجود ہے ، لیکن جب ائیرہوسٹس اپنی والدہ کے ساتھ طیارے میں سوار ہوئی تو کپتان نے سیٹ دینے سے انکار کردیا اور اتر جانے کا حکم دیا۔ کیبن کریو کے مطابق دلہن ائیرہوسٹس نے کپتان کو بتایا بھی کہ نیوریاک پہنچنے کے اگلے ہی دن اس کانکاح ہے۔ ذرائع کے مطابق اس کے باوجود کپتان نے مسافروں کے سامنے ائیرہوسٹس کی بے عزتی کی اور اسے اور اس کی والدہ کو طیارے سے اتاردیا۔ دونوں کا سامان طیارے سے نکالنے میں دو گھنٹے لگ گئے۔ پی آئی اے ترجمان کا کہنا ہے کہ ائیر ہوسٹس کو دوسری سیٹ دی جاسکتی تھی۔ اس معاملے کو مس ہینڈل کرنے پر شفٹ منیجر کا تبادلہ اور ٹرمینل منیجر کو شوکاز جاری کیا گیا ہے۔ دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ انتظامیہ نے ان افسران کو قربانی کا بکرا بنایا کیوں کہ کپتان کی اجازت کے بغیر وہ یہ نہیں کرسکتے تھے اور پی آئی اے میں طاقتور پائلٹ مافیا کے خلاف کوئی کچھ نہیں کرسکتا۔