30 مارچ ، 2012
راولپنڈی … کراچی ڈولفنز اور سیالکوٹ اسٹالینز سپر 8 ٹی 20 کپ کے سیمی فائنل میں پہنچ گئے آج ہونے والے میچز میں لاہور ایگلز اور راولپنڈی ریمز کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ پشاور پینتھرز اور لاہور لائنز پہلے ہی ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں پہنچ چکے ہیں،دونوں سیمی فائنلز کل ہوں گے، جیو سوپر میچز براہ راست نشر کرے گا۔ سپر ایٹ ٹی 20 کپ میں آج کراچی ڈولفنز نے لاہور ایگلز کو 5 وکٹ اور سیالکوٹ اسٹالینز نے راولپنڈی ریمز کو 7 وکٹ سے شکست دی۔ راولپنڈی ریمز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تاہم ان کی ٹیم مقررہ اوورز میں 9 وکٹ پر صرف 121 رنز بناسکی، حماد اعظم اور سہیل تنویر 24، 24 رنز بنا کر نمایاں بیٹسمین رہے۔ سیالکوٹ اسٹالینز کی جانب سے رضا حسن نے 20 رنز کے عوض 3 وکٹیں لیں۔ جواب میں سیالکوٹ اسٹالینز نے ہدف 16 ویں اوور میں 3 وکٹوں پر حاصل کرلیا۔ عمران نذیر 59 ، شکیل انصار 21 اور شعیب ملک 20 رنز بنا کر آوٴٹ ہوئے۔ محمد نواز نے 2 اور سہیل تنویر نے ایک وکٹ لی۔ اس سے قبل راولپنڈی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں لاہور ایگلز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، لیکن عمران فرحت اور توفیق عمر کے علاوہ کوئی بھی بیٹسمین جم کر نہ کھیل سکا، عمران فرحت 41 اور توفیق عمر 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے، رمان رئیس اور حارث ایاز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آوٴٹ کیا، جواب میں اسد شفیق اور شہریار غنی کی جارحانہ بیٹنگ کے باعث کراچی ڈولفنز نے 149 رنز کا ہدف 19ویں اوور میں حاصل کرلیا، اسد شفیق 58 رنز بناکر آوٴٹ ہوئے، شہریار غنی 44 رنز بناکر ناٹ آوٴٹ رہے۔