04 اپریل ، 2012
اسلام آباد … قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار نے کہا ہے کہ بھارت عام ملک نہیں کہ پاکستانی صدر جب چاہیں ادھر چلے جائیں، ان کا دورہ بھارت سوچ، سمجھ اور دانش سے عاری ہے۔ قائد حزب اختلاف کے چیمبر سے جاری بیان میں چوہدری نثار نے کہا ہے کہ آصف زرداری عام شہری نہیں کہ جب چاہیں اور جہاں چاہیں نجی دورے کرتے پھریں، بھارت کے سربراہان مملکت کا پاکستان آنا درکنار وہ کرکٹ اور ہاکی ٹیم کو پاکستان بھیجنا گناہ سمجھتے ہیں۔ چوہدری نثار کا کہنا ہے کہ حافظ سعید کے سر کی قیمت مقرر کرنا انتہائی تشویشناک ہے،کسی ثبوت کے بغیر پاکستانی شہری پر الزام عائد کرنا پاکستان کی خودمختاری کی تنزلی کا ثبوت ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ لگتا ہے حکمران ملکی خودمختاری کا تمسخر اڑانے کے گیم پلان میں شریک ہیں۔