04 اپریل ، 2012
اسلام آباد … سرکاری رہائش گاہیں فروخت کرکے ایک ٹرسٹ قائم کرنے کی تجویز زیر غور ہے جس کی آمدن سے سرکاری ملازمین کو ماہانہ ہاوٴس رینٹ الاوٴنس دیا جائے گا، آئندہ بجٹ میں وفاقی ملازمین کے ہاوٴس رینٹ الاوٴنس میں 100 سے 300 فیصد اضافے کی تجویز ہے۔ اسلام آباد میں وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایا ہے کہ آئندہ بجٹ میں وفاقی ملازمین کے ہاوٴس رینٹ الاوٴنس میں 100 سے 300 فی صد اضافے کی تجویز ہے، اس سلسلے میں اضافی فنڈز اکھٹے کرنے کیلئے سرکاری رہائش گاہیں فروخت کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ ذرائع کے مطابق پہلے مرحلے میں جی 6 اور جی 7 کی سرکاری رہائش گاہیں فروخت کرنے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے۔ سرکاری رہائش گاہیں فروخت کرکے ایک ٹرسٹ بنایا جائے گا جس کی آمدنی سے ملازمین کو ہاوٴس رینٹ دیا جائیگا۔ ذرائع کے مطابق آئندہ بجٹ میں گریڈ ایک سے 15 تک کے ملازمین کا ہاوٴس رینٹ الاوٴنس 300 فیصد، گریڈ 16 سے 19 تک 200 فیصد جبکہ گریڈ 20 سے 22 تک ہاوٴس رینٹ الاوٴنس 100 فیصد بڑھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔ آئندہ بجٹ میں گریڈ ایک کے ملازمین کیلئے ماہانہ ہاوٴس رینٹ الاوٴنس 4 ہزار روپے کرنے اور گریڈ 22 کے افسران کیلئے 66 ہزار روپے کرنے کی تجویز ہے۔