20 مارچ ، 2014
اسلام آباد…35لاپتا افراد کیس میں وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے تھانہ سیکرٹریٹ میں دائر درخواست اور تھانہ مالاکنڈ میں درج ایف آئی آر کی نقل جیو نیوز نے حاصل کر لی ۔تھانہ سیکرٹریٹ اسلام آباد میں جمع کرائی گئی درخواست کے مطابق خواجہ آصف نے استدعا کی کہ مالا کنڈ حراستی مرکز سے 35 افراد کو نائب صوبیدار امان اللہ سمیت دیگر افراد لے کر گئے، 28 افراد بازیاب ہوگئے ،مگر یاسین شاہ سمیت 7 افراد اب تک لاپتا ہیں، سپریم کورٹ کے حکم پر ان افراد کی جبری گمشدگی کی ایف آئی آر امان اللہ سمیت دیگر افراد کے خلاف درج کی جائے۔ ذرائع کے مطابق ایف آئی آر کے لیے خواجہ آصف اور سینئر پولیس افسران رات گئے تک مشاورت کرتے رہے۔ تھانہ سیکرٹریٹ نے روزنامچہ درج کیا اور روزنامچے کی نقل اے ایس آئی سلیم رضا کے ہاتھوں مالاکنڈ تھانے کو بھیج دیں، جسے پولیس اسٹیشن مالاکنڈ کے یونٹ کمانڈر نے وصول کیا اور رات 4بجکر 40 منٹ پر تھانہ مالاکنڈ میں ایف آئی آر درج کی گئی۔