09 اپریل ، 2012
کراچی… رواں سال جون تک پی ٹی سی ایل کی نج کاری کے 80 کروڑ ڈالر میں سے 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے جیو نیوز کو بتایاکہ پی ٹی سی ایل کی نج کاری کے سلسلے میں اتصلات کے ساتھ جائیداد کی منتقلی کے معاملات طے ہوچکے ہیں۔ دو ہزار 800 سے زائد جائیدادوں میں سے صرف تین جائیدادوں کی منتقلی ہونا باقی ہے۔ ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان اتصلات کے ساتھ بات چیت میں یہ موقف اٹھائے گی کہ جتنی جائیدادیں منتقل ہوئیں ان کے مساوی بقایاجات ادا کیے جائیں۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ آیندہ ماہ اتصلات سے بات چیت کریں گے تاہم یہ بات چیت کہاں ہونا ہے اس کا فیصلہ ابھی نہیں ہوا۔ ذرائع کے مطابق وزیر خزانہ اتصلات سے 40 سے 50 کروڑ ڈالر حاصل کرنے کی کوشش کریں گے۔ اتصلات کی طرف 80 کروڑ ڈالر واجب الادا ہیں جن کی عدم دستیابی پاکستان کے لیے بیرونی ادائیگیوں میں مسائل کا باعث ہے۔