30 ستمبر ، 2014
کراچی...... سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث کراچی میں تین روزہ انسداد پولیو مہم ملتوی کر دی گئی۔22 لاکھ سے زائد بچوں کے پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے محروم رہ جانے کا خطرہ بڑھ گیا ۔ تین روزہ انسداد پولیو مہم ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی شروع ہوئی لیکن سیکیورٹی کی عدم فراہمی کے باعث آج دوسرے روز سرجانی ٹائون ،گڈاپ،ملیر،کیماڑی ،لیاری ،صدر ،بن قاسم سمیت کئی علاقوں میں یہ مہم ملتوی کردی گئی اور بچے پولیو سے بچائو کے قطرے پینے سے محروم ہو گئے ہیں۔ سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسسز ڈاکٹر ظفر اعجاز کا کہنا ہے کہ مہم کی کامیابی سیکیورٹی سے منسلک ہے، جب تک مطلوبہ سیکیورٹی فراہم نہیں کی جائے، مہم چلا نا ممکن نہیں ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملتوی ہونے والی پولیو مہم اب 3، 4 اور 5 اکتوبر کو دوبارہ ہوگی۔ دوسری جانب گھر گھر جاکر بچوں کو پولیو سے بچائو کے قطرے پلانے والی لیڈی ہیلتھ ورکرز تنخواہوں کی عدم فراہمی کے باوجود مہم کو کامیاب بنانے کے لئے پر عزم ہیں۔ ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت عید قرباں سے پہلے ان کو تنخواہیں فراہم کرے۔