28 مارچ ، 2015
کراچی .......پی سی بی نے معین خان کی چھٹی کردی ۔چیئرمین شہریار خان نے معین خان سے ملاقات میں کہا کہ کرکٹ کمیٹی چاہتی ہے کہ آپ چیف سلیکٹر نہ رہیں ۔پاکستان کرکٹ بورڈ کی نئی سلیکشن کمیٹی کا چیئرمین کون ہوگا ، ون ڈے کا کپتان کس کو ہونا چاہئے، نائب کپتان کسے بنایا جاسکتا ہے، اس حوالے سے چیئرمین کرکٹ بورڈ شہریا رخان نے کراچی میں موجودہ اور سابق کھلاڑیوں سے مشاورت کی ہے۔پی سی بی کے چیئرمین شہریار خان نے کراچی میں چیئرمین سلیکشن کمیٹی معین خان، وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد اور کئی سابق کھلاڑیوں سے ملاقاتیں کیں۔ ذرائع کے مطابق معین خان کو سلیکشن کمیٹی کے چیئرمین کے عہدے سے فارغ کیا جارہا ہے ، فیصلہ ایک دو دن میں سامنےآجائے گا،حالانکہ معین خان کے معاہدے میں ایک سال باقی ہے ۔دوسری جانب وکٹ کیپر بیٹسمین سرفراز احمد نے بھی شہریار خان سے ملاقات کی ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ سرفراز احمد کو ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی میں نائب کپتانی سونپی جاسکتی ہےاور اظہر علی کپتانی کے لئے مضبوط امیدوار ہیں ،حالانکہ ان کا نام ورلڈ کپ کے لئے منتخب کھلاڑیوں میں دو ر دور تک نہیں تھا۔