02 ستمبر ، 2015
نیویارک........اڑتی چڑیا کے پر گن لینا محاورہ ہی تھا لیکن اب امریکی ریسرچ سینٹر نے ایسا جدید کیمرہ بنالیا ہے جو واقعی اڑتی چڑیا کے پر گن لے گا ، چاہے وہ بیس ہزار فٹ کی دوری پرہی کیوں نہ ہو۔ امریکا کی ڈیفنس، ایڈوانس، ریسرچ پروجیکٹ ایجنسی اور امریکی فوج نے فضائی مانیٹرنگ کے لیے ایک اور ایڈوانس کیمرہ تیار کرلیا ہے، یہ کیمرا اتنا طاقتور ہے کہ صرف ایک ہی کیمرے سے مین ہٹن جیسا آدھا شہر تمام تر جزیات اور باریکیوں کے ساتھ مانیٹر کیا جاسکتا ہے ۔ امریکی جریدے کے مطابق تیار کردہ نیا کیمرہ ایک اعشارہ آٹھ گیگا پکسلز کی طاقت رکھتا ہے اور بیس ہزار فٹ کی بلندی سے زمین پر چھ انچ جیسی چھوٹی چیزوں کو بھی اپنے رکارڈ میں محفوظ کر سکتاہے ، یہ انتہائی اونچائی سے اتنے بہترین نتائج کے ساتھ تیار ہونے والا اب تک کا بہترین کیمرہ ہے ۔ آرگس نامی یہ کیمرہ بیس ہزار فٹ کی بلندی تک کسی بھی ڈرون سے منسلک کیا جاسکتاہے اور اتنی اونچائی سے اس کیمرے میں پچیس اسکوائر کلو میٹر کا رقبہ کور کیا جاسکتاہے، مطلب یہ کہ صرف دو کیمروں سے مین ہٹن جیسا شہر سپروائز کیا جاسکتا ہے ، اس کیمرےمیں تین سو اڑسٹھ چھوٹے سنسرز بھی نصب ہیں جو ارد گرد کی صورتحال سےباخبر رکھنے میں مدد دیتے ہیں۔