02 اکتوبر ، 2015
کراچی....... سندھ حکومت نے پاکستان ا سٹیل ملز کا کنٹرول لینے میں دلچسپی کیا ظاہر کی، وفاقی حکومت نے سر سے بلا ٹالنے کا فیصلہ کر لیا۔
پاکستان اسٹیل ملز کو کون خریدنا چاہتا ہے؟ چین؟ نہیں، روس؟ نہیں، امریکا؟ نہیں، کوئی ملٹی نیشنل کمپنی؟ جی نہیں، سندھ حکومت، جی ہاں، صوبائی حکومت نے پیشکش کردی، وفاقی حکومت نے غور شروع کردیا، کیا ایسے ہوتی ہے نجکاری؟
وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت اسلام آباد میں کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کا اجلاس ہوا جس میں شاید سفید ہاتھی پاکستان اسٹیل ملز سے جان چھڑانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
اجلاس میں فیصلہ ہوا کہ پاکستان اسٹیل ملز تمام اثاثوں اور قرضوں سمیت سندھ حکومت کو دینے کی پیشکش کر ہی دی جائے کیونکہ سندھ حکومت نے پاکستان ا سٹیل ملز کا کنٹرول لینے میں خود،جی ہاں خود دلچسپی کا اظہار کر چکی ہے۔
کہیں اس کی وجہ یہ تو نہیں کہ پاکستان اسٹیل ملز کی صرف زمین ہی اربوں روپے کی ہے، باقی اثاثہ جات الگ۔ہاں مسئلہ ہو گاتو ضرورت سے زیادہ اسٹاف اور ان کی تنخواہ دینے کا۔
مگر اہم سوال یہ ہے کہ وفاقی حکومت نے ایسا فیصلہ کیوں کیا۔کیا نجکاری کا کوئی نیا طریقہ کار آزمایا جا رہا ہے، کیا کھلی بولی ہو گی یا صرف سندھ حکومت سے ڈیل۔