دلچسپ و عجیب
17 اکتوبر ، 2015

کینیڈا کی آرٹسٹ نے ملالہ ڈول تیار کر لی

کینیڈا کی آرٹسٹ نے ملالہ ڈول تیار کر لی

کراچی.....باربی ڈول، امریکن گرلز، میڈم الیگزینڈر، اڈورا بے بی،براٹز اور جاپانی گڑیوں سے کون واقف نہیں لیکن بہت جلد مارکیٹ میں آنے والی ہے پاکستانی گڑیااور اس کانام ہو گا ملالہ ڈول۔

امن کا نوبیل انعام حاصل کرنے والی پاکستانی طالبہ ملالہ سے ملتی جلتی گڑیا بنانے کا خیال کسی پاکستانی کو نہیں بلکہ کینیڈا کی ایک آرٹسٹ وینڈی تسائوکو آیا ہے ۔

وینڈی تسائو اپنے اس پروجیکٹ میں ملالہ کے ساتھ ساتھ آرٹسٹ فریدہ کاہلو، ہیری پوٹر لکھنے والی برطانوی مصنفہ جے کے رولنگ، سماجی کارکن وارس دیری ، کینیڈا کی پہلی خاتون خلانورد روبرٹا بونڈراور حیوانیات کے تحفظ کے لیے کام کرنے والی برطانوی کارکن جین گڈال کے نام سے بھی گڑیاں بنا رہی ہیں۔

اپنی ویب سائٹ پر وینڈی نے ان گڑیوں کے سیمپل شائع کردیے ہیں اور وہ بہت جلد انہیں فروخت کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ وینڈی تسائو کا کہنا ہے کہ ان تمام خواتین نے انہیں بہت متاثر کیا ہے۔اب تک اپنے بچپن میں ہم جن گڑیوں سے کھیلتے رہے ہیں وہ ہالی ووڈ یا ڈزنی کے خیالی کردار ہیں۔ لیکن جن شخصیات نے ہمیںحقیقی زندگی میں اپنے اپنے کام سے متاثر کیا ہے انہیں رول ماڈل کے طور پر پیش کرنے کی ضرورت ہے۔

وینڈی اس بات کو تسلیم کرتی ہیں کہ وہ جن شخصیات کے نام سے گڑیاں بنا رہی ہیں وہ سب کی سب بڑی عمر کی ہیں لیکن ہمیں کمسن بچیوں کو یہ دکھانے کی ضرورت ہے کہ یہ شخصیات بھی کبھی آپ کی طرح بچیاں ہی تھیں۔ان کے خیال میں حقیقی کرداروں کے نام سے بنائی جانے والی گڑیاں بچیوں پر مثبت اثرات مرتب کریں گی۔

وینڈی تسائو اس سے پہلے بچوں کی ڈرائنگ سے ملتے جلتے کھلانے بنایا کرتی تھیں۔وہ سمجھتی ہیں کہ کھلونے بچوں میں تسکین، خود بینی اور جاننے جیسی خوبیاں پیدا کرتے ہیں۔

مزید خبریں :