18 اکتوبر ، 2015
کراچی........موسم گرما اپنے اختتام پر ہے اور اس کے ساتھ ہی ڈینگی وائرس کے پھیلائو کا خطرہ بھی بڑھنا شروع ہوگیا ہے۔ ملک بھر میں اب تک ہزاروں افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو چکی ہے ۔ ڈینگی وائرس کا اصل نشانہ سندھ اور پنجاب ہیں ۔
کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 15 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوگئی ہے۔رواں سال کراچی سمیت سندھ بھر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد 2300 تک جا پہنچی ہے ۔کراچی میں یہ قاتل وائرس 6 افراد کی جانیں بھی لے چکا ہے ۔
ادھر پنجاب میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ڈینگی کے 70 نئے مریض سامنے آئے ہیں ۔ ان میں 19 کا تعلق ملتان اور 51 کا تعلق راولپنڈی سے ہے ۔ پنجاب میں رواں سال ڈینگی کے مریضوں کی تعداد دو ہزار تک جا پہنچی ہے۔ خیبرپختون خوا کے شہر سوات میں ایک اور شخص میں ڈینگی وائرس کی تصدیق کے بعد مریضوں کی تعداد 25 ہوگئی ہے۔