07 نومبر ، 2015
کراچی.........وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبائی حکومت نے گزشتہ سال کے مقابلے میں اس سال صحت کا بجٹ بڑھا کر 13 ارب روپے کردیا ہے۔ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے کیلئے سیکیورٹی فول پروف انتظامات کیے جائیں گے۔
وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے قومی ادارہ برائے امراض قلب میں شعبہ پرائیوٹ ونگ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ بھی موجود تھے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے تعلیم کے لیے 11 ارب جبکہ صحت کے لیے اس سال 13 ارب روپے مختص کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی ان کا گھر ہے۔کراچی کے لیے خصوصی طور پر 150 ارب روپے پیکج کا اعلان کیا ہے۔ اس موقع پر وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ کلین کراچی کے نام مہم شروع کی جارہی ہے جس میں بلاول بھٹو زرداری بھی حصہ لیں گے۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کے دوسرے اور تیسرے مرحلے میں رینجرز اور پولیس کی تعیناتی پر بھی غورکیا جارہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خیر پور واقعے کیلیے کمیشن تشکیل دیں گے تاکہ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔