14 نومبر ، 2015
گلگت ......زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کہیں بارش تو کہیں برف باری ، زلزلہ متاثرین کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ، بڑی تعداد میں لوگ موسمی بیماریوں میں مبتلا ہوگئے۔
زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں کہیں برف باری تو کہیں بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ،26 اکتوبر کا زلزلہ بہت سے لوگوں کو گھروں سے خیموں میں لےآیا، جس کی وجہ سے متاثرین موسمی بیماریوں کے ساتھ دوسری مشکلات سے نبرد آزما ہیں جبکہ ان علاقوں میںسردی روز بروز بڑھتی جارہی ہے۔
بارش،برف باری اور یخ بستہ ٹھنڈی ہواؤں کے باعث زلزلہ متاثرین کا ہر آنے والا دن گزرنے والے دن سے سخت ہوتاہے، زلزلہ سے متاثر کئی دشوار پہاڑی علاقوں میں لوگ اب تک امداد کے منتظر ہیں ۔
مالاکنڈ ڈویژن اور خیبر پختونخوا اور گلگت بلتستان ، چترال کے مختلف شہروں میں بارش اور برف باری کے بعد خون جما دینے والی سردی کی لہر جاری ہے۔
ٹھٹھراتی سردی میں بچے اور خواتین مختلف موسمی امراض میں مبتلا ہورہے ہیں،سردی کی شدت میں اضافےکے ساتھ ہی نزلہ‘ زکام‘ کھانسی اور پیٹ کی بیماریوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔