05 جولائی ، 2016
مسلم میچ کی ویب سائٹ پر سائبر حملے کا انکشاف ہوا ہے، ’مسلم میچ‘ کے ڈیڑھ لاکھ ممبران کی ذاتی تفصیلات انٹرنیٹ پر شائع کردی گئیں، خیال کیا جا رہا ہے کہ جن افراد کی معلومات افشا ہوئی ہیں، ان میں سے بیشتر برطانیہ، امریکا اور پاکستان کے رہائشی ہیں۔
تفصیلات کے علاوہ ارکان کے 7 لاکھ سے زیادہ نجی پیغامات بھی افشا کیے گئے ہیں، انکشاف سائبر سیکورٹی الرٹ ویب سائٹ چلانے والے ویب سیکورٹی کے محقق ٹرائے ہنٹ نے کیا۔
ٹیکنالوجی نیوز کی ویب سائٹ مدربورڈ کے مطابق ممبران اور ملازمین کےمقامات، ازدواجی حیثیت، نام، ای میل اور آئی پی پتے بھی شائع کردیے گئے۔
مسلم میچ کے فیس بک پیج کو کنوارے، طلاق یافتہ، بیوہ، مسلمانوں کے مل بیٹھنے کا مقام قرار دیا گیا ہے۔ اس پیج پر وہ تبادلۂ خیال کرسکتے ہیں اور اپنا جیون ساتھی تلاش کرسکتے ہیں۔