13 جولائی ، 2016
پاکستان نے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے کرکٹ ٹیسٹ میچ کے لئے 12رکنی ٹیم کا اعلان کردیا ہے ،2010ء میں برطانوی سرزمین پر اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا پانے والے محمد عامر کو بھی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔
کل سے لارڈز کرکٹ گرائونڈ پر ہونے والے پانچ روزہ میچ کے لئے حتمی ٹیم کا اعلان کیا گیا ہے ،ٹیم میں کپتان مصباح الحق ،یونس خان،اظہر علی،محمد حفیظ،شان مسعود،اسد شفیق ،سرفراز احمد،وہاب ریاض ،سہیل خان ،یاسر شاہ اور راحت علی کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا نے لیفٹ آرم فاسٹ باولر محمد عامر کے خلاف محاذ بنالیا ہے،جس پر سابق کپتان وسیم اکر م نے ٹیم کو مشورہ دیا ہے کہ محتاط رہیں اور انگلش میڈیا کو ئی بھی موقع فراہم نہ کریں۔
فاسٹ باولر وہاب ریاض کا کہنا ہے کہ ٹیم مصباح الحق کی قیادت میں متحد ہے،محمد عامر چھوٹا بھائی ہے ،چاہتا ہوں کہ وہ میچ میں 5وکٹ لے کر اپنا کھویا ہوا نام واپس لے ۔
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 2010سے اب تک 3کرکٹ سیریز کھیلی جاچکی ہیں،10ٹیسٹ میچ میں 6میں پاکستان فاتح رہا ہے جبکہ انگلش ٹیم کے حصے میں 3کامیابیاں آئی ہیں۔