11 ستمبر ، 2016
جماعت اسلامی نے بینک آف خیبر کی جانب سے معافی کی درخواست قبول کرلی۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر کا کہنا ہے کہ بینک نے صوبائی وزیرخزانہ کو کلین چٹ دیدی ہے، ان کی پارٹی کبھی کرپشن کا حصہ نہیں رہی۔
مرکز اسلامی میں بینک آف خیبر کے معافی نامہ کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب میں صوبائی امیر جماعت اسلامی مشتاق احمد خان نے کہا کہ بینک نے ہمارے موقف اور کابینہ کمیٹی کی رپورٹ کی تائید کر دی ہے، آج کا اشتہار جماعت اسلامی اور صوبائی وزیر خزانہ کی کامیابی ہے، جماعت اسلامی کبھی کرپشن میں ملوث نہیں رہی،بینک آف خیبر کے معاملے پر جماعت اسلامی کسی معاہدے کا حصہ نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ وہ بینک آف خیبر کی معذرت کو قبول کر تے ہیں، حکومت کی جانب سے ہم نے کوئی شرط قبول نہیں کی۔انہوں نے وزیر اعلیٰ کی مداخلت سے بینک سے سمجھوتے اور راضی نامے کی تردید کی۔ مشتاق احمد نے بینک آف خیبر کے ملازمین کی برطرفی کے احکامات واپس لینے کا مطالبہ کیا۔