شہر شہر
18 ستمبر ، 2016

کراچی: ہیلمٹ نہ پہننے والوں پر بڑے جرمانے کی تجویز

کراچی: ہیلمٹ نہ پہننے والوں پر بڑے جرمانے کی تجویز

 

کراچی میں ٹریفک پولیس کی جانب سے ایک بار پھر ایسا اقدام کیا گیا ہے کہ سب کے کان کھڑے ہوگئے ہیں۔ ڈی آئی جی ٹریفک نے موٹرسائیکل پر ہیلمٹ کی پابندی نہ کرنے والوں پر جرمانے کی سزا 150 سے بڑھا کر ایک ہزار روپے تک کرنے کی تجویز دی ہے۔

کراچی میں ہیلمٹ نہ پہننے والے افراد کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کی تیاری کر لی گئی، ڈی آئی جی ٹریفک ڈاکٹر امیر شیخ نے جیونیوز کو بتایا کہ ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف جرمانہ بڑھانے کی سفارش کی ہے، موٹرسائیکل چلانے والے نے اگر ہیلمٹ نہ پہنا ہو تو اس پر1000روپے اور پیچھے والےنے بھی نہ پہنا ہو تو اس پر 500جرمانے کی تجویزدی گئی ہے۔

ڈاکٹر امیر شیخ بتاتے ہیں کہ یہ تجویزخط کی صورت میں آئی جی سندھ کو بھیج دی ہے، رواں سال ہیلمٹ نہ پہننے والوں کے خلاف ساڑھے5لاکھ چالان کیے اورفی چالان صرف 150روپے جرمانے کے باعث یہ جرم نہیں رک سکا جس کے باعث جرمانہ بڑھانے کی تجویز دی ہے، وزیر اعلیٰ سندھ اس سلسلے میں پہلے ہی آگاہی مہم کی ہدایت کرچکے ہیں۔

عملی طور پر یہ کوئی پہلا قدم نہیں ہے جو شہر میں ٹریفک کی بہتری کےنام پر کیے گئےہوں، بغیر لائسنس گاڑی چلانے پر گاڑی ضبط کرنا، موٹرسائیکل پر ہیلمٹ نہ لگانے والوں کو گرفتار کرنا اور شارع فیصل پر رکشہ اور ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی کے اعلانات بھی کیے جاچکے ہیں لیکن نہ نجانے وہ کون سی طاقتیں ہیں جو ٹریفک پولیس کو ان اقدامات پر عملدرآمد سے نہ صرف روک دیتی ہیں بلکہ جنگی بنیادوں پر شروع کی گئی ایسی مہمات بھی کہیں کھو سی جاتی ہیں۔

مزید خبریں :