27 دسمبر ، 2016
ٹوبہ ٹیک سنگھ میں زہریلی شراب سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد مسلسل بڑھتی جارہی ہے، مرنے والوں کی تعداد 32 تک جاپہنچی ہے۔
کرسمس کےموقع پر ٹوبہ ٹیک سنگھ کی کرسچین کالونی کے محلہ مبارک آباد میں زہریلی شراب پینے سے 50 سے زائد افراد کی حالت غیر ہوگئی تھی ، متاثرین کو فوری طور پر ٹوبہ ٹیک سنگھ ڈی ایچ کیو اسپتال منتقل کیاگیا اور تشویش ناک حالت میں 48 افراد کو الائیڈ اسپتال فیصل آباد منتقل کیا گیا۔
گزشتہ روز20 افراد دم توڑ گئے تھے جبکہ دیگر نے آج فیصل آبادکے الائیڈ اسپتال میں دم توڑ دیا۔ واقعہ کامقدمہ تھانا سٹی ٹوبہ ٹیک سنگھ میں درج کرکے اب تک 4 افراد کو حراست میں لیاگیا ہے جن سے تفتیش جاری ہے جبکہ واقعے کی انکوائری کے لیے ڈی ایس پی عاطف عمران کی قیادت میں ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔