06 جنوری ، 2017
سندھ ہائیکورٹ نے کراچی انٹرمیڈیٹ بورڈ میں کرپشن اور غیرقانونی بھرتیوں سے متعلق کیس میں کنٹرولر بورڈ عمران چشتی سمیت 4 افسران کی 7 روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کر لی۔
سندھ ہائیکورٹ کے دورکنی بنچ کے روبروملزمان عمران چشتی، اطہر سعید، محمدعرفان اورمظفرعلی پیش ہوئے، ان افسران پر کراچی انٹر بورڈ میں اختیارات کے ناجائز استعمال کرنے کا مقدمہ درج ہے۔
عمران چشتی نے مؤقف اختیار کیا کہ ان پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں، حفاظتی ضمانت منظور کی جائے، وہ مقدمات کا سامنا کرنے کیلئے تیار ہیں۔
عدالت نے انٹر بورڈ کے چاروں افسران کی سات روز کیلئے حفاظتی ضمانت منظور کرتے ہوئے پچاس، پچاس ہزار روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دے دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں عمران چشتی کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سے امید ہے کہ وہ معاملے کی خود تحقیقات کریں گے اور مجھے انصاف فراہم کریں گے،میرے گھر اس طرح چھاپے مارے گئے جیسے میں دہشت گرد ہوں۔