05 فروری ، 2017
وزیر اعظم کے مشیر امیر مقام نے کہا ہے کہ عمران خان اور سراج الحق میں قدر مشترک اقتدار کی کرسی ہے، عمران جس گراؤنڈ میں جلسہ کریں گے اگلے ہفتے ہم وہاں جلسہ کریں گے۔
پشاور کے نواحی علاقہ متنی میں مسلم لیگ ن کے جلسہ سے خطاب میں امیر مقام نے کہا کہ تحریک انصاف سے جو توقعات لوگوں نے وابستہ کی تھیں وہ مسلم لیگ ن پورا کر رہی ہے، وزیراعظم کے بچوں کی آف شور کمپنیوں کا واویلا مچانے والے عمران خان کے اپنے بچوں کی بھی آف شور کمپنیاں ہیں، عوام کو حقائق کا بخوبی علم ہے اس لئے وہ مسلم لیگ پر اعتبار کرتے ہیں۔
امیر مقام کا کہنا تھا کہ فاٹا میں اصلاحات لانا حکومت کا عزم ہے، پارلیمنٹ سے بھی فاٹا اصلاحات کا بل پاس کروائیں گے، انہوں نے کہا کہ انصاف اور جمہوریت کے علمبرداروں کو کشمیریوں پر بھارت کے مظالم نظر نہیں آتے، چھ مہینوں کے دوران 120 کشمیری شہید کئے گئے، حق خود ارادیت کی جدوجہد میں کشمیری عوام کی حمایت کرتے رہیں گے۔