14 اپریل ، 2017
کراچی کے علاقے کھارادر کھڈا مارکیٹ میں نامعلوم افراد نے ایک ڈاکٹر کو فائرنگ کرکے زخمی کردیا اور باآسانی فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق بغدادی تھانے کی حدود میں کھڈا مارکیٹ کھارادر کے رہائشی ڈاکٹر ذوالفقار کو 2نامعلوم ملزمان نے گھر سے باہر بلا کر نشانہ بنایا اور سر پر گولی مار کر فرار ہوگئے۔
پولیس کے مطابق ڈاکٹر ذوالفقار کا کھارادر کھڈا مارکیٹ میں رہائش کے قریب ہی پرائیویٹ کلینک بھی ہے۔ زخمی ڈاکٹر کو فوری طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کی حالت تشویش ناک بتائی جاتی ہے۔
پولیس کے مطابق واقعہ دہشت گردی ہے یا ذاتی دشمنی اس بارے میں تحقیقات کی جارہی ہے اور جائے وقوعہ سے پولیس نے شواہد اکٹھے کرلیے ہیں۔