28 اپریل ، 2017
کراچی کے علاقے عزیزآباد میں تھانے کے قریب ایک گھر سے فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پولیس افسر زخمی ہو گیا، پولیس نے جوابی کارروائی کرکے فائرنگ کرنے والے ملزم کو ہلاک کردیا، گھر سے ایک شخص کی لاش بھی ملی ہے۔
ڈی آئی جی ذوالفقار علی لاڑک کے مطابق جائے وقوع سے 4افراد کو حراست میں لیا گیا ہے، پولیس نے آنسو گیس شیلنگ بھی کی۔
عزیزآباد میں تھانے کے قریب فائرنگ سے زخمی ہونے والے پولیس افسر کی شناخت تصدق کے نام سے ہوئی ہے۔
واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچی اور اس نے گھر کو گھیرے میں لے لیا، پولیس کے مطابق 15 پر اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر پولیس کی نفری پہنچی تو گھر کے اندر سے فائرنگ کی گئی، پولیس کی جوابی کارروائی پر ملزم پولیس فائرنگ سے ہلاک ہوگیا جبکہ گھر سے ایک اور شخص کی بھی لاش ملی ہے۔
گھرسے ملنے والی لاش کی شناخت وسیم اختر کے نام سے ہوئی ہے، مقتول کے بھائی کے مطابق اس کا بھائی گھر سے سودا لینے نکلا تھا اور وہاں کیسے پہنچا اسے معلوم نہیں۔
ڈی آئی جی ویسٹ ذوالفقار لاڑک کے مطابق مارے جانے والے شخص نے اپنے اہل خانہ کو بھی یرغمال بنا رکھا تھا جبکہ جائے وقوع سے 4افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
پولیس نے ہلاک ملزم کے والد کو بھی حراست میں لے لیا ہے، ابتدائی تحقیقات میں پتہ چلا ہے کہ جس شخص کی لاش ملی ہے وہ پیسے مانگنے آیا تھا، دونوں لاشوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔