11 مئی ، 2017
ڈینگی کی روک تھام اور اس سے بچائو کے لیےکراچی شہر میںاب موٹرسائیکل کے ذریعے مچھر مار اسپرے کیا جائے گا، مہم کو ’موٹو فوگ‘ کا نام دیا گیا ہے۔
مہم کے تحت اسپرے موٹرسائیکلوں کا استعمال ان جگہوں پر کیا جائے گا جہاں بڑ ی گا ڑیوں کو پہنچنے میں دشواری کا سامنا ہے۔
انسداد ڈینگی کنٹرول پروگرام کے منیجر ڈاکٹر مسعود سولنگی نے بتایا ہے کہ موٹر سائیکل کے ذریعے استعمال ہونے والی مشین کی قیمت 2 لاکھ روپے ہے، جس کے ذریعے ڈینگی اور چکن گونیا کے مچھروں پر باآسانی سے قابو پا یا جا سکے گا۔
ڈاکٹر سولنگی نے مزید بتایا کہ چکن گونیا کے مریض جہاں زیادہ رپورٹ ہوئے ہیں ان علاقوں میں کھوکھراپار، سعود آباد، ابراہیم حیدری، کیماڑی، نیو کراچی، اورنگی ٹاؤ ن اور لیاری شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ ادارہ عالمی صحت کا کہنا ہے کہ گندگی اور کچرے کے ڈھیر کی وجہ سے مچھروں کی تعداد میں اضا فہ ہو رہا ہے ، جس پر کیمیکل اسپرے اور جراثیم کش ادویات کے ذریعے قابو پا یا جا سکتا ہے۔
ڈاکٹر سولنگی نے یہ بھی کہا کہ یہ شہری سہولتیں فراہم کرنے کے والے محکموں کی ذمہ داری ہے لیکن وہ ماحول کو مناسب طریقے سے صاف رکھنے میں ناکام رہے ہیں، جبکہ کچرے کو مناسب طریقے سے ٹھکانے نہ لگانے اور سیوریج کا نظا م بہتر نہ ہونے کی وجہ سے مچھروں کی تعداد میںاضافہ ہو رہا ہے۔
اس سے قبل عالمی ادارہ صحت نے گزشتہ ہفتے چکن گونیاکے پھیلنے کی تحقیقات اور سخت اقدامات کے ذریعے مؤثر اور مضبوط سفارشات پیش کی ہیں۔
دسمبر 2016ء کے بعد سے شہر میں چکن گونیا کے بہت سے کیسز سامنے آئے ہیں لیکن حکومت کی طرف سےاس کی روک تھام اور کنٹرول کے لیے کو ئی مؤ ثر اور مضبوط منصوبہ بندی نہیں کی گئی ہے۔