30 مئی ، 2017
کراچی میں رضویہ پولیس سے مقابلے میں زخمی ہونے کے بعد دو دن علاج سے محرومی سے ہلاک ملزم کی لاش بھی پوسٹمارم کیلئے دھکے کھا رہی ہے۔ شہر میں الیکٹرک بریک ڈاون کی وجہ سے ناصر کی لاش کا پوسٹمارٹم گذشتہ روز نہ ہوسکا، کارروائی کے لئے لاش آج پھر عباسی شہید اسپتال لائی جائے گی۔
ڈی ایس پی ناظم آباد محمد مبین کے مطابق ڈکیتی کا ملزم ناصر رضویہ سوسائٹی میں پولیس مقابلے میں شدید زخمی ہوگیا تھا۔ جسے 27 مئی کی شام زخمی حالت میں عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایم ایل او نے طبی معائنہ کیا اور ڈاکٹرز نے مبینہ طور پر ملزم کو اسپتال میں داخل نہیں کیا۔
اسپتال ذرائع کے مطابق معائنہ اور ابتدائی طبی امداد کے بعد پولیس ملزم کو خود تھانے لے گئی۔ ملزم کو تشویشناک حالت میں دو روز تک تھانے میں ہی رکھا گیا۔ پیر کی صبح ملزم لاک اپ میں چل بسا۔
لاش پیر کی صبح عباسی شہید اسپتال لائی گئی تھی۔ ملزم کی پولیس حراست میں ہلاکت کی بجائے پولیس عام ہلاکت ظاہر کرکے دفعہ 174 کے تحت پوسٹمارٹم کرانے کی کوشش کرتی رہی تاہم ڈاکٹرز نے مبینہ طور پر انکار کردیا۔
پولیس حراست میں ہلاک ملزم کا پوسٹمارٹم دفعہ 176 کے تحت مجسٹریٹ کی نگرانی میں کیا جانا تھا جس کی تیاریوں میں رات ہوگئی تھی۔
پولیس کے مطابق اسپتال میں بجلی کا بریک ڈاؤن تھا جس بنا پر پوسٹمارٹم نہیں کیا جاسکا جبکہ اسپتال کا لاکھوں روپے مالیت کا جنریٹر بھی خراب تھا۔ یوں رات گئے لاش سرد خانے منتقل کردی گئی۔ مرنے کے بعد ناصر کی لاش پوسٹمارٹم کیلئے دھکے کھا رہی ہے۔
پولیس کے مطابق مجسٹریٹ کی نگرانی میں پوسٹمارٹم کرانے کیلئے لاش آج دوبارہ اسپتال لائی جائے گی۔