04 جولائی ، 2017
کامونکی کے علاقے کسوکی روڈ پر پٹرول فروخت کرنے والی ایک دکان میں آگ لگ گئی، دھوئیں کے باعث پولیس کا ایک اے ایس آئی جاں بحق ہو گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کسوکی روڈ پر ٹینکر سے پٹرول ان لوڈ کرتے ہوئے الیکٹرک موٹر میں سپارکنگ سے اچانک آگ لگ گئی۔
آگ لگنے کے نتیجے میں دکان کے مالک دو بھائی ذیشان، عباد اور ملازم وقار زخمی ہو گئے، آئل ٹینکر کے ٹائروں کو بھی آگ لگ گئی تاہم ڈرائیور اسے فوری طور پر چلا کر جوہڑ میں لے گیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق پولیس کے اے ایس آئی جاوید اقبال دیگر اہلکاروں کے ہمراہ جائے حادثہ پر پہنچے، دھوئیں کے باعث جاوید اقبال کی طبیعت خراب ہو گئی، انہیں اسپتال لے جایا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد آگ پر قابو پا یا۔