Time 10 ستمبر ، 2017
کھیل

مکی آرتھر دورہ ورلڈ الیون کے بعد پاکستان میں مزید کرکٹ کیلئے پرامید


لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کوچ مکی آرتھر نے امید کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈ الیون کے دورے سے پاکستان کے لیے عالمی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔

جیو نیوز سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریز کو ہلکا نہیں لے رہے اور اچھے انداز میں جیتنا چاہتے ہیں۔


’امید کی جاسکتی ہے کہ اس دورے سے پاکستان میں کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن میں پاکستان میں کسی ٹیم کو کوچنگ کروں گا لیکن یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘

پاکستانی کوچ نے کہا کہ ایک طویل عرصے سے پاکستان میں بین الاقوامی میچز نہیں ہورہے اور یہاں کے شائقین میچز دیکھنے سے محروم ہیں لیکن یہ سیریز ان شائقین کے لیے پاکستان میں میچز دیکھنے کا ایک موقع ہے۔

مکی آرتھر نے کہا کہ سیریز نے انہیں نوجوان کھلاڑیوں کا آزمانے کا بھی موقع مل رہا ہے جبکہ ان کا فوکس 2019 کے عالمی کپ پر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں نوجوانوں کی صلاحیتوں کا اندازہ ہوگا اور پتہ چلے گا کہ وہ پریشر کے دوران کیسی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہیں اور مستقبل میں ان صلاحیتوں کا کیسے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل آزادی کپ کا پہلا میچ 12 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :