کھیل
Time 10 ستمبر ، 2017

ورلڈ الیون کیخلاف شائقین کو مایوس نہیں کریں گے، شعیب ملک

لاہور: سابق پاکستانی کپتان اور آل راونڈر شعیب ملک نے کہا ہے کہ پاکستان کا دورہ کرنے والی والمی ٹیم مضبوط ہے تاہم ان کے حوصلے بھی بلند ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑی گراؤنڈ پر ڈومیسٹک کرکٹ کھیلتے ہیں اس لیے انہیں کنڈیشنز میں ایڈجسٹ ہونے میں کوئی مسئلہ نہیں ہوگا۔

پاکستان میں کرکٹ کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہوم گراؤنڈ پر ان کی ٹیم شائقین کو مایوس نہیں کرے گی۔


انہوں نے کہا کہ زیادہ تر کھلاڑیوں نے پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ نہیں کھیلی اور یہاں پر کرکٹ کھیلنے کے احساسات کو لفظوں میں بیان کرنا مشکل ہے۔

اس سے قبل ہیڈ کوچ مکی آرتھر نے امید کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈ الیون کے دورے سے پاکستان کے لیے عالمی کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔

’امید کی جاسکتی ہے کہ اس دورے سے پاکستان میں کرکٹ کے دروازے کھلیں گے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ایک دن میں پاکستان میں کسی ٹیم کو کوچنگ کروں گا لیکن یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ وہ اس سیریز کو ہلکا نہیں لے رہے اور اچھے انداز میں جیتنا چاہتے ہیں۔

پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان تین ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل آزادی کپ کا پہلا میچ 12 ستمبر کو قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں :