Time 20 نومبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

'پدماوتی' تنازع: بی جے پی رہنما نے دپیکا، بھنسالی کے سرکی قیمت 10 کروڑ روپے کردی

بی جے پی کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر سورج پال امو—۔فوٹو/بشکریہ اے این آئی ٹوئٹر

بالی وڈ فلم 'پدماوتی' کی ریلیز تاریخ آگے بڑھانے پر بھی بھارتی انتہا پسند ہندوؤں کا غصہ کم نہ ہوا اور ریاست ہریانہ میں بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر سورج پال امو نے اداکارہ دپیکا پڈوکون اور ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کا سر قلم کرنے والے کو 10 کروڑ روپے دینے کا اعلان کر دیا۔

اور صرف یہی نہیں، فلم میں مسلمان حکمران علاؤ الدین خلجی کا کردار ادا کرنے پر رنویر سنگھ کی ٹانگیں توڑنے کی دھمکی بھی دے ڈالی۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ شوٹنگ سے ہی تنازعات کا شکار ہے، جس پر بھارتی ریاست راجھستان میں سرگرم تنظیم شری راجپوت کرنی سینا نے تاریخی حقائق مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کیا تھا۔

بعدازاں انتہا پسندوں کی جانب سے فلم کی ہیروئن دپیکا پڈوکون کی ناک کاٹنے کا اعلان کیا گیا اور پھر انتہا پسند لیڈر ٹھاکر ابھیشیک سوم نے دپیکا اور سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی قیمت بھی 5 کروڑ مقرر کردی۔

دوسری جانب بھارتیہ جنتا پارٹی اور بجرنگ دل کی حمایت کے بعد انتہا پسندوں نے اداکاروں کے حق میں بیان دینے والوں کو بھی جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔

ان تمام تنازعات کے بعد  فلم ’پدماوتی‘ کی یکم دسمبر کو ہونے والی نمائش ملتوی کردی گئی تھی، لیکن  بی جے پی کے چیف میڈیا کوآرڈینیٹر سورج پال امو کا غصہ کم نہ ہوا اور انہوں نے رنویر سنگھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا، 'اگر آپ نے اپنے الفاظ واپس نہ لیے تو ہم آپ کی ٹانگیں ٹوڑ کر ہاتھ میں دے دیں گے'۔

دکن کرونیکل کی ایک رپورٹ کے مطابق سورج پال امو نے دپیکا اور سنجے لیلا بھنسالی کے سر کی 5 کروڑ روپے قیمت مقرر کرنے کو بھی سراہا اور کہا کہ 'جو کوئی بھی یہ کام کرے گا، ہم انہیں 10 کروڑ روپے انعام دینے کے ساتھ ساتھ ان کے اہلخانہ کی بھی دیکھ بھال کریں گے'۔

امو پال نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ وہ اپنے ان ریمارکس کے بعد بی جے پی چھوڑنے کو تیار ہیں، ساتھ ہی انہوں نے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ پر بھی زور دیا کہ وہ 'پدماوتی' کی ریلیز کے خلاف آواز اٹھائیں۔

ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ میں دپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں۔

دوسری جانب بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کی ریاستی حکومت نے فلم ’پدماوتی‘ کی نمائش پر پابندی عائد کردی ہے۔

ریاستی وزیر اعلٰی کا کہنا ہے کہ فلم پدماوتی میں حقائق مسخ کیے گئے ہیں اور تاریخ کومسخ کیاجانا کسی صورت برداشت نہیں کریں گے۔

مزید خبریں :