Time 16 نومبر ، 2017
انٹرٹینمنٹ

ہندو انتہا پسندوں کی دپیکا کو ناک کاٹنے کی دھمکی

فوٹو: بشکریہ پی ٹی آئی

بھارت میں ہدایت کار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم ’پدماوتی‘ کی نمائش مسئلہ ہی بنتی جا رہی ہے اور ہندو انتہا پسندوں نے تمام حدیں پار کرتے ہوئے دھمکی دی ہے کہ اگر فلم نمائش کے لئے پیش کی گئی تو بالی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون کی ناک کاٹ دیں گے۔

جیسے جیسے فلم پدماوتی کی نمائش کے دن قریب آتے جا رہے ہیں اس کی ریلیز میں نئی نئی رکاوٹیں آڑے آتی جا رہی ہیں۔

پدماوتی کی شوٹنگ کے دوران بھی ہندو انتہا پسندوں نے فلم کے سیٹ پر دو مرتبہ حملے کیے اور پھر بھارتی ریاست راجھستان کی شری راجپوت کرنی سینا نے فلم میں تاریخی حقائق مسخ کرکے پیش کرنے کا الزام عائد کیا۔

کرنی سینا اور بھارت کی حکمران جماعت بی جے پی کی جانب سے نمائش سے قبل فلم دکھائے جانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے جب کہ پدماوتی کی ہیروئن دپیکا کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ان کی فلم کو ریلیز سے کوئی نہیں روک سکتا۔

ہندو انتہا پسندوں نے اب ’پدماوتی‘ کی ریلیز روکنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ فلم کی نمائش ہوئی تو دپیکا پڈوکون کی ناک کاٹ دیں گے۔ اس کے علاوہ ہندو انتہا پسندوں نے یکم دسمبر کو پورے بھارت میں ہڑتال کی بھی کال دے دی ہے۔

گزشتہ روز بھارتی ریاست راجستھان میں فلم پدماوتی کا ٹریلر دکھائے جانے پر توڑ پھوڑ کی گئی تو آج فلم کی ہیروئن کو سنگین نتائج کی دھمکی دے دی گئی۔

دوسری جانب پوری فلم انڈسٹری سنجے لیلا بھنسالی کی حمایت میں سامنے آگئی ہے، سلمان خان کا کہنا ہے کہ سنجے بھنسالی کسی تاریخی کردار کو غلط طور پر پیش کر ہی نہیں سکتے، دیپیکا پڈوکون نے صورت حال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی قوم زوال کا شکار ہے۔

ادھر مہاراشٹرا کی حکومت نے ہندو انتہا پسندوں کی جانب سے سنگین دھمکیوں کے بعد سنجے لیلا بھنسالی اور دپیکا پڈوکون کو پولیس سیکیورٹی تو فراہم کر دی ہے تاہم بلدیاتی انتخابات کے پیش نظر فلم کی ریلیز مؤخر کرنے کا کہا ہے۔

کرنی سینا کے اہلکار مہیپال سنگھ مکرانا نے ہندوؤں کے مذہبی پس منظر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ راجپوت کرنی سینا ایک خاتون کے حوالے سے حقائق کو غلط طریقے سے پیش کرنے کی مخالفت کرتی ہے اور ہم خواتین پر ہاتھ نہیں اٹھاتے لیکن اگر ضرورت پڑی تو ایسا کریں گے۔

مہیپال سنگھ نے مزید کہا کہ ہم دپیکا کے ساتھ وہی کریں گے جو ’’لکشمن‘‘ نے بھارت کے قوانین اور ثقافت کی خلاف ورزی کرنے پر ’’شرپناکھا ‘‘کے ساتھ کیا تھا۔

اس کے علاوہ سشری راجپوت کرنی سینا کے سربراہ لوکندرا سنگھ کلوی نے فلم کے خلاف خون سے دستخط شدہ پٹیشن تیار کی ہے جسے سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن کو بھیجا جائے گا۔

راجپوت کمیونٹی نے فلم پدماوتی کے ہدایتکار سجنے لیلا بھنسالی کے سر کی بھی قیمت 5 کروڑ روپے مقرر کردی ہے۔

بھارتی وزارت داخلہ، مہاراشٹرا اور کرناٹک کی حکومتوں نے فلم کی ریلیز کے موقع پر ہر ممکن سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔

خیال رہے کہ بالی وڈ ہدایتکار سنجے لیلا بھنسالی کی فلم پدماوتی یکم دسمبر کو نمائش کے لئے پیش کی جانی ہے جس میں دپیکا پڈوکون کے ساتھ رنویر سنگھ اور شاہد کپور نے مرکزی کردار ادا کیا ہے۔

مزید خبریں :