16 دسمبر ، 2017
رواں برس پاکستان سمیت پوری دنیا میں بہت سے واقعات خبروں کی زینت بنے، جن میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں قومی ٹیم کی فتح سے لے کر پاناما کیس کے سلسلے میں سپریم کورٹ کا تاریخی فیصلہ اور میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام سے لے کر کیٹالونیا کی اسپین سے آزادی کے لیے ہونے والا ریفرنڈم بھی شامل ہے۔
حال ہی میں گوگل نے اُن ٹاپ 10 خبروں اور واقعات کی ایک فہرست جاری کی، جنہیں پاکستان میں 2017 میں سب سے زیادہ سرچ کیا گیا۔
گوگل کی جاری کی گئی لسٹ کچھ ہوں ہے:
اس فہرست کا اگر جائزہ لیا جائے تو معلوم ہوگا کہ پاکستانیوں کو پاناما کیس سے زیادہ آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی میں دلچسپی رہی۔
اس کی وجہ شاید یہ ہوسکتی ہے کہ تمام ٹی وی چینلز کے بلیٹنز اور تجزیوں کا مرکز پاناما کیس اور سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی نااہلی رہی، جس کے نتیجے میں نہ صرف ملک میں سیاسی بحران پیدا ہوا اور بلکہ کہیں نہ کہیں ملکی معیشت اور اسٹاک ایکسچینج پر بھی اثر پڑا۔
دوسری جانب چیمپیئنز ٹرافی میں پاکستان کی فتح صحیح معنوں میں قوم کے لیے ایک تحفہ تھی، جب قومی ٹیم نے روایتی حریف بھارت کو چاروں شانے چت کردیا تھا۔ اس ٹرافی نے پاکستانیوں میں ایک نیا جذبہ جگا دیا تھا اور وہ سارے اختلافات بھلا کر صرف اپنے قابل فخر کھلاڑیوں کے ہی گُن گا رہے تھے۔
گوگل سرچ رزلٹ کے مطابق پاکستانیوں نے رواں برس پہلے نمبر پر آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اور چھٹے نمبر پر پاناما کیس کو سرچ کیا، جو اس بات کی جانب اشارہ کرتا ہے کہ پاکستانیوں کو سیاست سے زیادہ کھیل میں دلچسپی رہی۔
پہلے اور چھٹے نمبر کے درمیان موجود سرچ رزلٹس بھی دلچسپی سے خالی نہیں۔
رواں برس دوسرے نمبر پر پاکستانیوں کو مقبول بھارتی کامیڈی شو 'دی کپل شرما شو' کی زیادہ فکر رہی۔ کپل شرما کا شو اس سال گردش حالات کی زد میں رہا، جب میزبان کا اپنے شو کے ساتھی سنیل گواسکر سے دوران فلائٹ ایک جھگڑا ہوا، جس کے بعد اس شو کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔
ویسے اس بات میں واقعی کوئی شک نہیں کہ کپل شرما ہندوستان سمیت پاکستان میں بھی مقبول ہیں اور ان کا کسی سے لڑائی جھگڑا ہو یا شو کی بندش کی خبر، پاکستانی عوام کی دلچسپی کا مرکز ہوتی ہے۔
تیسرے نمبر پر پاکستانی، لیپ ٹاپ کے حصول کے لیے پرائم منسٹر لیپ ٹاپ اسکیم کو سرچ کرتے رہے۔
چوتھے نمبر پر ایک بین الاقوامی خبر نے جگہ بنائی اور برما (میانمار) میں فوج کی جانب سے کریک ڈاؤن کے نتیجے میں رونگیا مسلمانوں کے قتل عام اور بڑے پیمانے پر نقل مکانی کے واقعات اور خبروں نے پاکستانیوں کو متاثر کیا۔
رواں برس اگست میں میانمار فوج کے کریک ڈاؤن کے آغاز کے بعد تقریباً 6 لاکھ 40 ہزار روہنگیا مسلمانوں نے ریاست رخائن سے نقل مکانی کی اور بنگلہ دیش کے کیمپوں میں پناہ لی۔
انسانی حقوق کے حوالے سے کام کرنے والی تنظیموں نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا تھا کہ میانمار کی سیکیورٹی فورسز نے کریک ڈاؤن کے دوران روہنگیا مسلمانوں پر بدترین تشدد کیا اور انہیں بے دردی سے ہلاک کیا گیا۔
رواں برس ہندوؤں کے تہوار شیوراتری میں بھی پاکستانیوں کو دلچسپی رہی اور گوگل کی جانب سے جاری کی گئی فہرست کے مطابق پانچویں نمبر پر اسے ملک میں سب سے زیادہ پڑھا گیا۔
ہندو تہوار مہا شیوراتری پر ورتھ رکھا جاتا ہے اور رات بھر مختلف رسومات ادا کی جاتی ہیں، اس موقع پر بہت سے عقیدت مند دیوی دیوتاؤں کا روپ دھار کر مذہبی جلوسوں میں شرکت کرتے ہیں۔
چھٹے نمبر پر پاناما کیس رہا، 28 جولائی کو سپریم کورٹ کی جانب سے دیئے گئے ملکی تاریخ کے اس سب بڑے فیصلے میں پاکستانیوں کی نسبتاً کم دلچسپی واقعی کچھ حیران کن ہے۔
سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں نواز شریف کو وزارت عظمیٰ کے عہدے سے نااہل قرار دے دیا تھا، جس کے بعد وہ اپنے عہدے سے سبکدوش ہوگئے تھے۔
ساتویں نمبر پر لاہور دھماکے کی خبر سب سے زیادہ پڑھی گئی، لاہور میں رواں برس دو بڑے دھماکے ہوئے۔
فروری میں پنجاب اسمبلی کے سامنے ہونے والے خودکش دھماکے میں ڈی آئی جی ٹریفک کیپٹن (ر) مبین اور ایس ایس پی آپریشنز شاہد گوندل سمیت 13 افراد شہید اور 85 زخمی ہوگئے تھے، جبکہ جولائی میں فیروز پور روڈ پر واقع ارفع کریم ٹاور کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 9 پولیس اہلکاروں سمیت 26 افراد شہید جبکہ 58 افراد زخمی ہوگئے۔
جس کے بعد ملک میں دھماکوں کی نئی لہر دیکھی گئی اور مختلف شہروں میں ہونے والے متعدد دھماکوں کے نتیجے میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
حیران کن طور پر پاکستانیوں نے اسپین سے علیحدگی کے لیے ریفرنڈم کی راہ اپنانے والے کیٹالونیا کی خبروں میں بھی دلچپسی لی اور اس خبر نے فہرست میں آٹھویں نمبر پر جگہ بنائی۔
اسپین کے خودمختار علاقے کیٹالونیا کی پارلیمنٹ نے رواں برس اکتوبر میں اسپین سے آزادی اور الگ ریاست بنانے کا اعلان کیا تھا۔
نویں اور دسویں نمبر پر بالترتیب پرائم منسٹر یوتھ انٹرن شپ اور سی ایس ایس نتائج کی خبریں رہیں، جو 2017 میں پاکستانیوں کی دلچسپی کا مرکز رہیں۔
گوگل کی اس فہرست کا اگر جائزہ لیا جائے تو یہ بات واضح ہوتی ہے کہ رواں برس سیاست سے زیادہ پاکستانیوں کو کھیل، شوبز، سماجی اور روہنگیا مسلمانوں کی حق تلفی جیسی بین الاقوامی خبروں نے زیادہ متاثر کیا۔
اب وجہ کچھ بھی ہو، ہمیں تو یہی لگتا ہے کہ پاکستانی قوم ملکی سیاست اور سیاستدانوں کی شعبدے بازیوں سے اب تنگ آچکی ہے، اسے اچھی خبروں کی تلاش ہے، وہ جیت کی، خوشیوں کی خبریں پڑھنا اور سننا چاہتی ہے، لیکن وہ بین الاقوامی حالات و واقعات سے بھی بے خبر نہیں اور اس کا سب سے بڑا ثبوت گوگل کی یہ فہرست ہے۔