کھیل
Time 20 مارچ ، 2018

پی ایس ایل کا سپر میچ: سنسنی خیز مقابلے کے بعد پشاور کی فتح، کوئٹہ باہر


لاہور: انور علی کی جارحانہ اننگز کے باوجود پاکستان سپر لیگ تھری کے پہلے ایلیمینیٹر میں پشاور زلمی نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک رن سے شکست دے دی۔

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ کے آخری اوور میں کوئٹہ کو 25 رنز درکار تھے۔

انوار علی نے لائم ڈوسن کے اوور میں تین چھکے لگائے اور آخری گیند پر تین رنز کی ضرورت تھی تاہم ایک ہی رن بن سکا اور پشاور کو ایک رن سے فتح ملی۔

کوئٹہ کے پہلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین اسد شفیق تھے جو اننگز کی پہلی کی گیند پر حسن علی کی گیند پر ڈیرن سیمی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔

اگلے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین ٹورنامنٹ کا پہلا میچ کھیل رہے کوہلر کیڈمور تھے جو حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ 











اس کے بعد کپتان سرفراز احمد اور محمد نواز کے درمیان 63 رنز کی شاندار شراکت قائم ہوئی جو کوئٹہ کی میچ میں واپسی کا باعث بنی۔

محمد نواز 35 رنز بناکر ثمین گل کی گیند پر عمید آصف کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے جبکہ اسی اوور میں سرفراز احمد بھی وکٹ کیپر کامران اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔










دو گیندوں پر دو وکٹیں گرنے کے بعد ریلی روسو اور محمود اللہ نے اننگز کو مستحکم کرنے کی کوشش کی تاہم 20 گیندوں پر 19 رنز بناکر محمود اللہ آؤٹ ہوگئے۔

اختتامی اوورز میں پشاور زلمی کے بولرز کی شاندار ڈیتھ بولنگ نے کوئٹہ کے بیٹسمینوں کو تیزی سے رنز بنانے سے باز رکھا۔

کوئٹہ کو آخری اوور میں 25 رنز درکار تھے اور انور علی کریز پر موجود تھے جبکہ لائم ڈوسن گیند بازی کررہے تھے۔

انور علی نے اوور میں ایک چوکا اور تین چھکے لگاکر میچ کا انتہائی دلچسپ بنادیا۔

میچ کی آخری گیند پر کوئٹہ کو تین رنز کی ضرورت تھی تاہم وہ ایک رن ہی بناسکے اور اس طرح پشاور کو ایک رن سے فتح مل گئی۔

پشاور کی جانب سے ثمین گل، وہاب ریاض، عمید آصف اور حسن علی نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔


اس سے قبل لائم ڈوسن کی نصف سنچری کی بدولت پشاور زلمی نے 157 رنز اسکور کیے۔

اننگز کے آغاز میں ہی زلمی کے ٹورنامنٹ میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے بلے باز کامران اکمل بغیر کوئی رن بنائے راحت علی کی گیند پر کلین بولڈ ہوگئے۔










دوسرے آؤٹ ہونے والے بیٹسمین آندرے فلیچر تھے جو میر حمزہ کی گیند پر جارحانہ اسٹروک کھیلنا چاہتے تھے تاہم لانگ آن پر تھیسارا پریرا کو کیچ دے بیٹھے۔










اس کے تمیم اقبال اور محمد حفیظ کے درمیان 44 رنز کی شراکت قائم ہوئی تاہم حفیظ 25 رنز بناکر محمود اللہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ تمیم اقبال جارحانہ شاٹ لگانے کی کوشش میں محمد نواز کی گیند پر آؤٹ ہوگئے۔











سعد نسیم اور عمید آصف بھی خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور بالترتیب 9 اور 7 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔

پشاور کی ایک اینڈ سے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا تاہم دوسرے اینڈ سے لائم ڈوسن کا بلا رنز اگلتا رہا۔

انہوں نے 35 گیندوں پر 62 رنز کی دلکش اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مکمل تباہی سے بچالیا۔

پشاور کی پوری ٹیم اننگز کے آخری اوور میں 157 رنز بناکر آل آؤٹ ہوگئی۔

کوئٹہ کی جانب سے راحت علی نے چار، تھیسارا پریرا نے دو جبکہ حسن علی، محمد نواز، میر حمزہ اور محمود اللہ نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

حسن علی کو شاندار گیند بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بدھ کو پشاور زلمی اور کراچی کنگز کے درمیان پاکستان سپر لیگ کا دوسرا ایلیمینیٹر کھیلا جائے گا۔

شائقین کا جوش و خروش

لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں میچ دیکھنے تماشائیوں کی بڑی تعداد پہنچ تھی۔

اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو ٹریفک پولیس کی جانب سے پھولوں کے تحفے پیش کیے گئے۔

اسٹیڈیم کے اردگرد 3 کلومیٹر کی حدود میں تعلیمی ادارے صبح 11 بجے ہی بند کر دیے گئے تھے جبکہ میٹرو بس کے چند اسٹیشنز بھی بند ہیں۔

قذافی اسٹیڈیم سے مال روڈ کے نجی ہوٹل تک دفعہ 144 نافذ ہے اور سیکیورٹی کے حوالے سے قذافی اسٹیڈیم میں مانیٹرنگ سیل بھی قائم کیا گیا تھا۔

اسٹیڈیم کے اطراف اور ہوٹل سے آنے والی سڑک پر جگہ جگہ غیرملکی کھلاڑیوں کے لئے خیرمقدمی بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔

ایلیمنیٹر میچز کے دوران رمیز راجا اور بازید خان کے علاوہ ایلن ولکنز، ڈیرن گنگا اور مائیکل سلیٹر کمنٹری کے فرائض انجام دیں گے۔

یاد رہے کہ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں 25 مارچ کو پی ایس ایل تھری کا فائنل کھیلا جائے گا اور اسلام آباد یونائیٹڈ پہلے ہی فائنل کے لئے کوالیفائی کرچکی ہے۔

ملک کے مختلف شہروں میں شائقین کرکٹ پرجوش

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان کھیلے جارہے میچ دیکھنے کے لئے کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں شائقین کرکٹ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

شہر قائد میں بڑے شاپنگ سینٹرز اور محلوں میں بڑی بڑی اسکرینیں لگائی گئی ہیں جب کہ کچھ شائقین گھروں میں اہلخانہ کے ساتھ بیٹھ کر میچ دیکھ رہے ہیں۔

حیدرآباد، سکھر لاڑکانہ اور سندھ کے دیگر شہروں کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

کوئٹہ، چمن، زیارت، خضدار، جھل مگسی، دالبندین سے بلوچستان کے مختلف اضلاع میں شائقین کرکٹ اپنی ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

پشاور، مردان، صوابی، مانسہرہ، ایبٹ آباد سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں کچھ شائقین کوئٹہ اور بیشتر پشاور زلمی کو سپورٹ کر رہے ہیں۔

سوات، چترال سمیت ملک کے بالائی علاقوں میں پی ایس ایل کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔

مزید خبریں :