Time 24 مارچ ، 2018
کھیل

کراچی میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کی خوشی ہے، سیمی

کراچی: پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے کراچی میں کرکٹ کی بحالی پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے امید کا اظہار کیا کہ شائقین پاکستان سپر لیگ کے فائنل سے محظوظ ہوں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت اچھی جگہ ہے اور ہمیشہ یہاں کھیل کر انجوائے کرتا ہوں۔

سیمی نے کہا کہ اگر ان کی ٹیم پشاور زلمی جیتی تو وہ پشاور جانے کا پلان کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ روز بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم بھی آرہی ہے، امید ہے شائقین کو اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

پشاور زلمی کے کپتان ٹائٹل کے دفاع کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹورنامنٹ کے آکڑی پانچ میچز ان کے لیے ناک آؤٹ ہی کی حیثیت رکھتے تھے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے اوپنر لیوک رونکی کی جارحانہ فارم سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ ان کی ٹیم کے اوپنر کامران اکمل بھی بہترین فارم میں ہیں اور امید ہے کہ فائنل میں بھی اپنا رنگ دکھائیں گے۔

ڈیرن سیمی نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہے کہ میں زلمی میں شاہد آفریدی کامتبادل ہوں، انہوں نے ہی زلمی کو برانڈ بنایا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ زلمی کے مالک جاوید آفریدی سے اردو اور پشتو کے الفاظ سیکھے۔

سیمی بھی کراچی کی بریانی کے مداح نکلے

دوسری جانب ڈیرن سیمی کے ٹوئٹر پر پیغام میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ وہ بھی کراچی کی بریانی کے مداح ہیں۔

اپنے اردو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ کراچی کی بریانی بیسٹ ہے، اسے کھاکر انہیں بہت مزہ آیا۔

انہوں نے اس موقع پر کراچی کے شہریوں کا شکریہ بھی ادا کیا۔

خیال رہے کہ کراچی میں 2009 کے بعد بڑی کرکٹ کی واپسی ہورہی ہے جس کے لیے شہر قائد کا شاندار انداز میں سجایا گیا ہے جبکہ فائنل کے حوالے سے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

مزید خبریں :